ایودھیا، 14جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)شہید بابری مسجد کے مقام پر بنے عارضی مندر کے سربراہ پجاری نے کہا ہے کہ اتر پردیش کے آئندہ انتخابات میں سادھو مہنت بی جے پی کی حمایت تبھی کریں گے، جب وزیر اعظم مودی اپنے دور اقتدار میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا وعدہ کریں گے۔سربراہ پجاری آچاریہ ستیندر داس نے کہا کہ مہنت اورسادھو بھگوان رام کو مانتے ہیں اور ان کی واحد خواہش ایودھیا میں خوبصورت رام مندر دیکھنے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے اقتدار سنبھالے جانے پر ہم نے امید کی تھی کہ اب مندر بن جائے گا۔داس نے کہاکہ مودی کو ایودھیا آنا چاہئے، ہمیں ضمانت دینی چاہئے اور یہ اعلان کرنا چاہئے کہ وہ اپنے دور میں رام مندر کی تعمیر کروا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پھر ہم ہندوؤں کو بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے متحد کر لیں گے کیونکہ اتر پردیش میں مہت اور سادھوؤں کے پیروکار بڑی تعداد میں ہیں،اگر ہم بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں تو وہ ضرور جیتے گی۔داس کی اس درخواست پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایودھیامیں واقع رسک نواس مندر کے مہنت رگھوورشرن نے الزام لگایا کہ ایودھیا رام مندر تحریک کے دم پر سیاسی فائدہ اٹھانے والی بی جے پی نے یہ مسئلہ کبھی بھی پارلیمنٹ میں نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ایودھیا کے معاملے پر سیاسی ترقی حاصل کرنے والے بی جے پی لیڈروں میں لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، ونے کٹیار اور اوما بھارتی شامل ہیں اور یہ تمام ایم پی ہیں۔شرن نے کہا کہ ان لوگوں نے ایوان میں کبھی رام مندر کا مسئلہ نہیں اٹھایا،نہ ہی انہوں نے کبھی یہ مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے پارلیمنٹ میں تجویز لائیں۔